کوئٹہ(این این آئی)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحال میں مدبرانہ کا کلیدی کردار ہے مستعد اور مدبرانہ قیادت ہی ملک کو معاشی بحرانوں سے نکال کر حقیقی تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرتی ہے. وقت کا تقاضا ہے کہ حب الوطنی اور جشن آزادی پاکستان کا اظہار قومی جوش و جذبہ سے کریں کیونکہ جشن آزادی کو عملی طور پر منانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ذی شعور شخص کی قومی ذمہ داری ہے اپنے ملک پاکستان کی بنیاد کو مزید مضبوط کرنے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی میں جشن آزادی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر وائس چانسلر بیوٹمز یونیورسٹی ڈاکٹر خالد حفیظ اور پرو-وائس چانسلر ڈاکٹر میروائس کاسی سمیت ڈین فیکلٹیز، اساتذہ کرام، سیاسی رہنماؤں اور خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بھارت کے حالیہ جنگ میں پاکستان کی جیت نے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنے کئی گنا بڑھے دشمن کو تاریخی شکست سے دوچار کر دیا. پاکستان کی فتح سے تمام مسلم اقوام کا سر فخر سے بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے اور پاکستان مسلم ممالک کے ماتھے کا جھومر ہے۔ گورنر مندوخیل نے بیوٹمز یونیورسٹی کی جانب دس ہزار سے زائد نئے درخت لگانا اور لوگوں میں پانی کے حوالے سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کو ماحول دوست اقدامات قرار دیا۔ نئے درخت لگانے اور پانی کو محفوظ کرنے کے احساس کو اجاگر کرنے سے اہم مثبت تبدیلی آئیگی۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کے شاندار مسقبل کے روشن امکانات ہیں. قدرت نے پاکستان کو وافر وسائل اور معدنیات سے نوازا گیا ہے۔ ضروری ہے کہ ہم انہیں اپنی ملک و قوم کی ترقی کیلئے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے ناظرین و سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ ایک ایسے ملک سے تعلق رکھتے ہیں جس کا مستقبل بہت روشن ہے۔ آپ جن سہولتوں، شخصی آزادی اور اظہار رائے کی آزادی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں یہ دوسرے ممالک کے باشندوں کو میسر نہیں ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ ان سہولیات، مواقعوں اور نعمتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پاکستان اور بلوچستان کی ترقی وخوشحالی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔ گورنر مندوخیل نے کے کہ بدقسمتی سے ماضی میں بعض اشخاص نے اختیارات سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی جس ترقی کے عمل کو نقصان پہنچا. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اپنے نوجوانوں کو آزادی کی قدر و منزلت ذہن نشین کرانا ہے کہ آزادی ہمیں خیرات میں نہیں دی گئی بلکہ آزادی بیشمار قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی ہے لہٰذا آپ بھی پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنے حصے کا ضرور کردار ادا کریں۔ گورنر مندوخیل نے صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں وائس چانسلر پر زور دیا کہ تعلیمی ماحول کے فروغ، ادارے کے معیار کو بلند کرنے اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں تاکہ ہماری یونیورسٹیاں بھی ملک کی بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل ہو جائیں. اس طرح ہم اپنی نمایاں کارکردگی کے ذریعے اسلام آباد، لاہور، کراچی وغیرہ کے اسٹوڈنٹس کو بلوچستان میں ہائیر ایجوکیشن کے حصول کیلئے راغب کر سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ بھاری فیسوں سے اکثر غریب مگر قابل اسٹوڈنٹس کی تعلیم ادھوری رہ جاتی ہے. معیاری تعلیم اور جدید مہارتیں سکھانے سے ہم پاکستان کی محفوظ مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں کیونکہ ہم میں ترقی و خوشحالی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے مہمانانِ گرامی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیے گئے.

