کشمیری عوام کی جدوجہد جاری و ساری رہے گی،محمد اقبال خان تنولی

مظفرآباد(این این آئی)ممبر ضلع کونسل یونین کونسل لنگرپورہ محمد اقبال خان تنولی نے کشمیر گرلز کیڈٹ کالج سٹلائیٹ ٹاؤن لنگرپورہ میں جشنِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جشنِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے تقریبات اس بات کا اظہار ہیں کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے کو محبت، وفا اور قربانی سے نبھاتے رہیں گے۔ یومِ پاکستان کا یہ تاریخی دن ہم سب کو بحیثیت قوم اپنے اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے جو ہمارے اسلاف نے بانیانِ پاکستان کی قیادت اور رہنمائی میں قیامِ پاکستان کے وقت کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان کے موقع پر وہ پاکستانی قیادت اور پاک فوج کی ہائی کمان سمیت پوری قوم کو آزاد کشمیر کے عوام کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ تحریکِ آزادی کے بیس کیمپ کے عوام ملک پاکستان کی ترقی، استحکام اور دفاع کے لیے ہر وقت چوکس اور تیار ہیں۔انہوں نے بانی? پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اس تاریخی بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” اور جب تک کشمیر کی مکمل آزادی اور پوری ریاست کا پاکستان کے ساتھ الحاق یقینی نہیں ہو جاتا، کشمیری عوام کی جدوجہد جاری و ساری رہے گی۔محمد اقبال خان تنولی نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی سربراہی میں حالیہ پاک-بھارت ”معرکہ حق” میں پاکستان اور پاک فوج کی بری، فضائی اور بحری افواج کی تاریخی فتح پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور مسلح افواج کے جرات مندانہ کردار اور غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث پاکستان نے بھارت کے مقابلے میں غیر متوقع اور شاندار کامیابی حاصل کی، جس سے نہ صرف دنیا بھر میں پاکستان کا وقار اور امیج بلند ہوا بلکہ مسئلہ کشمیر ایک بار پھر عالمی برادری اور بڑی طاقتوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے پہلے کشمیر گرلز کیڈٹ کالج کے لیے سٹلائیٹ ٹاؤن لنگرپورہ کا انتخاب ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ اس ادارے کے قیام پر وہ اونرز، انتظامیہ اور بالخصوص مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذوالفقار علی قاضی سمیت کرداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس کے فروغ و ترقی کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے تمام ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ یہ تعلیمی ادارہ مستقبل میں ایک مثالی ادارے کی صورت اختیار کرے، اور جشنِ آزادی کی یہ تقریب اس نئے تعلیمی سنگ میل کی طرف ایک روشن قدم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں