یومِ آزادی:چیئرمین پاک مسلم الائنس بچو دیوان کی مزارِ قائد پر حاضری

کراچی(این این آئی)چیئرمین پاک مسلم الائنس دیوان بچو عبدالقادر دیوان نے 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی اور ضلعی عہدیداران بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے وطنِ عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا ئیں کی۔تقریب میں موجود شرکانے قومی پرچم تھامے، ملی نغمے گاتے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔بچو عبدالقادر دیوان نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج کا دن ان شہدا اور غازیوں کے نام کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانیں قربان کر کے ہمیں ایک آزاد اور خودمختار پاکستان عطا کیا۔انہوں نے پوری قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی افواجِ پاکستان پر فخر اور ناز ہے جنہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا معترف بنایا۔بچو عبدالقادر دیوان نے کہا کہ پاکستان کی عسکری تاریخ میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا جنہوں نے اپنے عزم حوصلے اور قیادت سے دفاعی میدان میں ملک کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ چین کا شکر گزار ہوں کہ اس نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی حمایت کی اور ہر مشکل وقت میں ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہا۔چیئرمین پاک مسلم الائنس نے قوم کو پیغام دیا کہ وہ ملک دشمن عناصر اور تنظیموں کے منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں باہمی اتحاد قائم رکھیں اور ہر شعبہ زندگی میں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے تمام تر اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں تاکہ ملکی استحکام اور معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔چیئرمین پاک مسلم الائنس دیوان بچو عبدالقادر دیوان نے امید ظاہر کی کہ اگلے جشنِ آزادی تک پاکستان نہ صرف معاشی طور پر مزید مضبوط ہوگا بلکہ عوام کے بیشتر دیرینہ مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں