کوئٹہ(این این آئی)یونیورسٹی آف تربت کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے بورڈ آف فیکلٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر محمد طاہر حکیم نے کی۔بورڈ نے مختلف نئے تعلیمی پروگرامز کے آغاز کی منظوری دی، جن میں ایم فل سماجیات، ایم فل سیاسیات، ایسوسی ایٹ ڈگری انٹرنیشنل ریلیشنز، ایسوسی ایٹ ڈگری سوشل ورک اور ایسوسی ایٹ ڈگری ڈویلپمنٹ اسٹڈیز شامل ہیں۔اس کے علاوہ اجلاس میں شعبہ سیاسیات، شعبہ سماجیات اور شعبہ تعلیم کے ڈپارٹمنٹل بورڈز آف اسٹڈیز کے فیصلوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں باضابطہ طور پر منظور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران تدریسی شعبہ جات میں معیارتعلیم کو مزید بہتر بنانے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے متعدد سفارشات بھی منظور کی گئیں۔اجلاس میں ہرتعلیمی شعبے کے سربراہ نے شعبہ جاتی سرگرمیوں، درپیش چیلنجز اور 2025 کے فال سیمسٹر اور 2026 کے نئے تعلیمی سال کے لیے تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہر حکیم نے یونیورسٹی میں تعلیمی معیار کو بلند رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام شعبہ جات میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔اجلاس میں ڈین فیکلٹی آف لاء ڈاکٹر مظفر حسین، چیئرمین شعبہ سماجیات ڈاکٹر محمد یاسین، چیئرپرسن شعبہ تعلیم ڈاکٹر مہناز اسلم، چیئرمین شعبہ سیاسیات چنگیز احمد، لیکچرر شعبہ سیاسیات بہادین اور لیکچرر شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز جیئند ابراہیم نے شرکت کی۔

