حنیف عباسی کا بہاول و کٹوریہ ہسپتال کا دورہ،حادثہ میں زخمی ہونے والے مریضوں کیلئے نوازشریف کا پیغام پہنچایا

لاہور(این این آئی)وفاقی وزیربرائے ریلوے حنیف عباسی نے بہاول و کٹوریہ ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے لودہراں حادثہ میں زخمی ہونے والے مریضوں کیلئے میاں محمد نواز شریف کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے زخمی مریضوں کی عیادت کی اور گلدستہ پیش کئے اور ان کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعامانگی۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے سینئر نائب صدر بلال ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے ایک بار پھر عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کر دی۔ وفاقی وزیر برائے ریلوئے حنیف عباسی نے ڈاکٹروں اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی مریضوں کے علاج معالجہ میں کوئی کمی یا کوتاہی نہ کی جائے۔ اس موقع پرمسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے سینئر نائب صدر بلال ملک نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی سیاست کا مقصد ہی عوامی خدمت ہے، یہ دورہ اسی نظر یہ کا عملی ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ عوامی خدمت ہی ان کی پہچان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں