پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت نے نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔اس سلسلے میں چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ قدرتی آفات سمیت دیگر کاموں میں ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہوتی ہے،مہمند میں ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد حکومت کے پاس ایک ہیلی کاپٹر رہ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ نے ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کیلئے پیکج کی منظوری دے دی، ان شہدا کے لواحقین کو پولیس کے برابر کا شہدا پیکیج دیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق دونوں پائلٹس کے لواحقین کو 2، 2کروڑ روپے کا پیکیج دیا جائے گا، ہیلی کاپٹر کے عملے کے پانچوں افراد کنٹریکٹ ملازمین تھے۔ذرائع کے مطابق دونوں پائلٹس کے ورثا کو اسکیل 19پولیس افسر کے شہدا پیکیج کے برابر پیکیج دیا جائے گا۔ پائلٹس میں کرنل (ر)شاہد سلطان اور آفتاب شامل ہیں۔فلائٹ انجینئر سلیم کے ورثا کو ڈیڑھ کروڑ روپے کا شہدا پیکیج دیا جائے گا، دو کریو چیفس کے لواحقین کو ایک، ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہیلی کاپٹر میں موجود عملے نے دوسروں کیلئے اپنی جانیں قربان کیں، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں، ان کی قربانی سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے شہدا کے لواحقین کو خصوصی پیکیج دینے کی منظوری دی اور صوبائی حکومت شہدا کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

