کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کا چلناصدر آصف علی زرداری کی بدولت ہے،ملک کی خاطر پیپلزپارٹی ہر چیز قربان کرنے کو تیار ہے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اپنے ورکروں کو عزت دی ہے ہمارے لئے یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ نوجوان پیپلزپارٹی پر اعتماد کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں کوئٹہ میں ملاقات کرنے والے پارٹی کے ورکروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی سردار سربلند جوگیزئی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک و قوم کی بھلائی کیلئے سیاست کی ہے،پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس کے بانی قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو پہلا متفقہ آئین دیابلاول بھٹو زرداری اس ملک میں ترقی کی سب سے بڑی علامت بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں عوامی حقوق کی منصفانہ اور جائز تقسیم کے لیے جدوجہد کی ہے،بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو قوم کی امنگوں کے حقیقی ترجمانی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جو جمہوریت کا نظام چل رہا ہے وہ صدر آصف علی زرداری کی بدولت ہے ملک کو اس وقت دہشت گردی سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے جسے باہمی یکجہتی اور اتحاد سے ہی حل کیا جاسکتا ہے ملک کی سالمیت اور استحکام کے لئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہے۔

