دالبندین (این این آئی) ڈپٹی کمشنر چاغی عطاء المنعم کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دالبندین مجیب الرحمٰن ساتکزئی نے برابچہ میں واقع آر ایچ سی (رورل ہیلتھ سینٹر) کی عمارت کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے، اسی مقصد کے تحت برابچہ کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ آر ایچ سی کی تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے گا، ڈسپنسری کو فعال بنایا جائے گا، ضروری ادویات فراہم کی جائیں گی اور جلد ہی میڈیکل آفیسر سمیت عملہ تعینات کیا جائے گا تاکہ علاقے کے عوام کو علاج معالجے کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اسسٹنٹ کمشنر دالبندین نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر چاغی کی سرپرستی میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے بقول حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ترقی کا اصل راز تعلیم اور صحت کی بہتری میں ہے، اور ان دونوں شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کے بغیر عوامی خوشحالی ممکن نہیں۔انہوں نے مقامی عوام سے اپیل کی کہ وہ ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ علاقے میں صحت اور تعلیم کے میدان میں مزید ترقی لائی جا سکے۔

