کوئٹہ (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف سبی ڈویژن کے صدر جان بلوچ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ تمبو گراس سے مست توکلی تک کا روڈ کرپشن کی نذر کر دیا گیا ہے۔ یہ روڈ پہلے بھی بنا ہوا تھا مگر وقت کے ساتھ بالکل تباہ ہو گیا۔ اب اسی روڈ پر دوبارہ پیسے منظور کیے گئے ہیں، لیکن پرانی تہہ ختم کرکے معیاری بنیادوں پر کام کرنے کے بجائے غلط طریقے سے اوپر مٹی ڈال کر اور تعمیراتی تقاضے پورے کیے بغیر کام جاری ہے۔ ٹھیکیدار اپنی من مانی سے کام کر رہا ہے جبکہ کوہلو بی اینڈ آر اور ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر غائب ہیں۔ یہ طرزِ عمل عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی اور قومی خزانے کا کھلا ضیاع ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ تمبو کے عوام دہائیوں سے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ عرصہ دراز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، گریڈ لائن کی تاریں کئی مہینوں اور سالوں سے غائب ہیں جس کی وجہ سے لوگ اندھیروں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح پانی کی شدید قلت نے عوامی مشکلات کو دوچند کر دیا ہے لیکن انتظامیہ مسلسل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے کہ تمبو کے عوام کو ہمیشہ جان بوجھ کر نظرانداز کیا گیا ہے۔ نہ روڈ درست ہیں، نہ بجلی ہے، نہ پانی کی فراہمی اور نہ ہی حکومت کی کوئی توجہ۔ ہر سال تمبو کے نام پر کرپشن کا بازار گرم کیا جاتا ہے، لیکن عملی طور پر عوام کو کچھ نہیں دیا جاتا ہم اپنے علاقے کے مفاد کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ تمبو کے عوام کے مسائل کو مزید دبایا نہیں جا سکتا۔ اگر انتظامیہ نے فوری طور پر نوٹس نہ لیا تو ہم سب کرپشن کے ذمہ داروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے اور بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

