وزیر تجارت کا ڈھاکا میں اسکوائر فارماسیوٹیکلز کا دورہ، سینئر حکام سے ملاقا ت، پیداواری عمل کا جائزہ لیا

ڈھاکا(این این آئی)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی فارماسیوٹیکل صنعتیں علم کے تبادلے اور باہمی تعاون کے ذریعے مزید ترقی کر سکتی ہیں،دونوں ممالک مشترکہ منصوبوں اور پالیسی تعاون سے نہ صرف دوطرفہ تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں بلکہ علاقائی اور عالمی مارکیٹوں میں صحت عامہ کی ضروریات کو بھی بہتر طور پر پورا کیا جا سکتا ہے۔ وزارت تجارت کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے ڈھاکہ میں اسکوائر فارماسیوٹیکلز پی ایل سی کے دورہ کے موقع پر کیا۔ وفاقی وزیر جام کمال خان نے کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سینئر انتظامیہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر جام کمال خان کو بنگلہ دیش کی دواسازی صنعت کے سفر اور اس ترقی کو ممکن بنانے والی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جام کمال خان نے ادارے کی سہولیات کا بھی دورہ کیا اور پیداواری عمل کا بھی جائزہ لیا۔وفاقی وزیر کے ہمراہ وزارتِ تجارتِ پاکستان کے حکام بھی موجود تھے۔ دورہ کے موقع پر بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تجارتی بہاؤ کو مزید ہموار بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جام کمال خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی فارماسیوٹیکل صنعتیں علم کے تبادلے اور باہمی تعاون کے ذریعے مزید ترقی کر سکتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک میں مشترکہ منصوبے اور پالیسی تعاون سے نہ صرف دوطرفہ تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں بلکہ علاقائی اور عالمی مارکیٹوں میں صحت عامہ کی ضروریات کو بھی بہتر طور پر پورا کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر کا اسکوائر فارماسیوٹیکلز کا یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان صنعتی اور تجارتی تعاون کو نئی جہت دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں