راولپنڈی(این این آئی)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ سلمان اکرم راجہ سے میری کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، وہ ہمارے وکیل ہیں اور ہماری فیملی کی طرح ہیں۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کا اپنا کوئی مسئلہ ہوگا، ضمنی انتخابات کا ایشو ہے، میرا خیال ہے ان سے ہی پوچھیں۔علیمہ خان نے کہاکہ سمجھ نہیں آئی میرے بچوں کو کیوں اٹھایا؟ شاہریز خان بزنس کرتا ہے، اسپورٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ شیر شاہ کو بھی دوسرے دن اٹھایا، ان گرفتاریوں سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔علیمہ خان کے مطابق میں نے کہا ہے کہ مجھے بھی گرفتار کریں، یہ خوفزدہ ہیں بچوں سے ڈر گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بانی کا پیغام اگر فیملی کے ذریعے دیا جاتا ہے تو وہ بانی کا موقف ہوتا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ خان نے کہا کہ ضمنی انتخاب پر تنازع ہے تو پارٹی بتائے گی، ہماری جب ملاقات ہوئی تو بانی نے واضح طور پر بتایا تھا کہ ضمنی الیکشن نہیں لڑنا۔انہوں نے کہا کہ بانی نے کہا تھا کہ الیکشن میں جانے سے پارٹی کو نقصان ہوگا اس کا کوئی فائدہ نہیں، الیکشن میں جانے سے ناجائز نااہلیوں کو جواز مل جائے گا۔ عظمیٰ خان نے کہا کہ بانی نے کہا تھا کہ یہ ہمیں جیتنے نہیں دیں گے، مرضی کے لوگوں کو جتوائیں گے، اگر ہم الیکشن میں جائیں گے تو پارٹی ان نااہلیوں کو جائز قرار دے گی۔انہوں نے کہا کہ بانی نے پارٹی کو پیغام دیا تھا تحریک پر توجہ مرکوز کریں۔

