کوئٹہ (این این آئی)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں “یکساں قوانین اور قواعد (Uniform Statutes & Rules) ” کے نفاذ سے مینجمنٹ، گورننس، مالیاتی استحکام اور تعلیمی معیار کی بہتری پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ اس سے یکساں انتظامی ڈھانچے کو یقینی بنانے، یونیورسٹیوں کے درمیان عدم مطابقت کو ختم کرنے اور مجموعی تعلیمی معیار اور بین الاقوامی شناخت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ یہ ترقی کے یکساں مواقعوں کو فروغ دیگا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مساوی بنیادوں پر فائدہ پہنچائے گا۔ بالآخر، یہ ایک منصفانہ اور جامع تعلیمی منظرنامے کو فروغ دینے، صوبے کی تعلیمی اہمیت اور عالمی مسابقت کو فروغ دینے کی راہ ہموار کریگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے یکساں قوانین اور قواعد کے مسودے کیلئے خصوصی کمیٹی کی جانب سے بریفنگ کے دوران کیا. بریفنگ میں پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر اور خصوصی کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر منصور احمد پرووائس چانسلر تربت یونیورسٹی، ڈاکٹر راحیلہ عمر پرووائس چانسلر وویمن یونیورسٹی، حافظ نور محمد سیکشن آفیسر گورنر سیکرٹریٹ، محمد احسن اچکزئی رجسٹرار بیوٹمز یونیورسٹی، اورنگزیب شاہ رجسٹرار بولان میڈیکل یونیورسٹی کوئٹہ، ناصر ریحان ڈائریکٹر فنانس یونیورسٹی آف لورالائی اور منظور حسین ڈائریکٹر ہیومن ریسورس بیوٹمز یونیورسٹی موجود تھے. واضح رہے کہ سات ماہ پر محیط مسلسل اکاون اجلاسوں کے بعد کمیٹی نے کامیابی کے ساتھ مسودے کو حتمی شکل دی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اسپیشل کمیٹی نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ ہم ہر رکن کی انتھک محنت اور عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں. مزید برآں گورنر مندوخیل نے اسی خصوصی کمیٹی کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ دیگر جیسے ٹرانسپورٹ، ہاسٹل مینجمنٹ اور میڈیکل الاؤنس وغیرہ کیلئے بھی قوانین اور قواعد تیار کرکے اپنے مثالی کام کو بڑھا دے. گورنر بلوچستان نے کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ جائزہ کمیٹی کو پیش کرنے سے پہلے مسودے میں وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر کے اختیارات کو واضح طور پر بیان کریں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا وسیع تجربہ ہے لہٰذا پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے درمیان ٹرانسفر اور پوسٹنگ کی پالیسی، یونیورسٹی اسٹاف کیلئے پروٹیکشن اینڈ کمپنسیشن کا ڈھانچہ تیار کرنے میں ان کی مدد و رہنمائی ضرور حاصل کریں۔

