کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منگل کے روز چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں امبریلا اسکیموں سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور اراکین نے شرکت کی اجلاس میں صوبے کے عوامی مفاد اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امبریلا اسکیموں کو مزید مؤثر، شفاف اور نتیجہ خیز بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ امبریلا اسکیموں کا بنیادی مقصد صوبے کے ہر طبقے کو یکساں طور پر ترقیاتی سہولتیں فراہم کرنا ہے اس لیے ان اسکیموں کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحادی جماعتوں کو ہر سطح پر اعتماد میں لیا جارہا ہے تاکہ ترقیاتی منصوبے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوامی فلاح اور صوبے کی مجموعی ترقی کے ضامن بن سکیں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ امبریلا اسکیموں کی مؤثر نگرانی اور بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اسکیموں پر عمل درآمد کے لیے شفاف طریقہ کار اپنائیں اور وسائل کا استعمال صرف اور صرف عوامی مفاد کے پیش نظر کیا جائے انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی عمل کو ہر صورت نتیجہ خیز بنائے گی اور اس میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اجلاس میں شریک پارلیمانی اراکین نے بھی اپنی تجاویز پیش کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ امبریلا اسکیموں کو کامیاب بنانے کے لیے اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گی۔

