کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی کے زیر صدارت محکمہ خزانہ کے افیسران کا مشاورتی اجلاس ہوا صوبائی وزیر خزانہ کو نیشنل فنانس کمیشن این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ اور مشاورت کا بنیادی مقصد این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے بلوچستان کے عوامی مفادات کا تحفظ، صوبے کے معاشی حقوق کی مکمل نمائندگی اور آئینی حصہ دلانے کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کرنی ہے صو بائی وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان کے عوام کے معاشی و معاشرتی حقوق دلانا ہماری اولین ترجیح ہیں۔ ہم این ایف سی کے تحت صوبے کے حقدارانہ حصے کے تعین کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ وفاق سے صوبے کے لیے منصفانہ حقوق یقینی بنانے کے لیے کوشاں رہیں گے انہوں نے مزید کہا کہ “صوبائی محکمہ خزانہ نے این ایف سی ایوارڈ کے لیے ایک جامع اور تحقیقی حکمت عملی تیار کی ہے جس میں بلوچستان کی آبادی، پسماندگی، رقبہ اور دیگر اہم عوامل کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ہم وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔” نیشنل فنانس کمیشن کے تحت صوبوں میں وسائل کی تقسیم کے اصولوں کا تعین کرتی ہے اور بلوچستان اس میں منصفانہ حصہ کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔

