کوئٹہ(این این آئی) چناب دریا سے پنجاب کے راستے بلوچستان کی جانب 15 لاکھ کیوسک پانی کے اخراج کے بعد ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر بلوچستان حکومت متحرک ہو گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی اور چیف سیکرٹری شکیل قادر کی خصوصی ہدایت پر ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیاجس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر میر محمد صادق خان عمرانی نے کی۔اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی صالح ناصر، چیف انجینئر کینال ناصر مجید، سپرنٹنڈنگ انجینیئر ایریگیشن سرکل نصیرآباد ڈویڑن غلام سرور بنگلزئی اور دیگر متعلقہ افیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چناب سے آنے والے بڑے سیلابی ریلے کے ممکنہ اثرات اور حفاظتی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔حکام نے اجلاس کو بتایا کہ چناب دریا سے اخراج ہونے والے 15 لاکھ کیوسک پانی کا بڑا ریلہ آئندہ چند روز میں بلوچستان کے علاقوں میں داخل ہو سکتا ہے، جس کے پیش نظر نہری نظام، حفاظتی بند، اور کمزور مقامات کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔سینئر وزیر میر صادق عمرانی نے کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ، آبپاشی، اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ پر رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔ انہوں نے بین الصوبائی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ پنجاب سے پانی کی روانی سے متعلق بروقت معلومات کا تبادلہ ممکن ہو سکے۔بلوچستان حکومت کی جانب سے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ابتدائی اقدامات، ایمرجنسی پلاننگ، اور عوام کو پیشگی اطلاع دینے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔

