خضدار(این این آئی)ضلع خضدار میں صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لئیے ایک اہم منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کمشنر قلات ڈویژن ڈاکٹر طفیل بلوچ اور ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے ٹیچنگ ہسپتال خضدار کے احاطے میں نئے آپریشن تھیٹر کی تعمیر کا منصوبہ پیش کیا ہے۔ اس منصوبے پر تقریباً 15 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور بہت جلد تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔یہ نیا آپریشن تھیٹر ٹیچنگ ہسپتال کے موجودہ انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنائے گا اور علاقے کی طبی ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ منصوبے کے تحت نئے آپریشن تھیٹر میں جدید ترین سہولیات شامل ہوں گی، جن میں متعدد آپریشن رومز جو جدید جراحی آلات سے لیس ہوں گے، لیزر سرجری ٹولز، اینڈوسکوپک آلات اور ہائی ٹیک مانیٹرنگ سسٹم، سٹیرلائزیشن یونٹس جو انفیکشن کنٹرول کو یقینی بنائیں گے،ریکوری رومز جن میں مریضوں کی نگرانی کے لیئے جدید وینٹی لیٹرز اور آکسیجن سپلائی سسٹم دستیاب ہوں گے۔ایمرجنسی سرجری کے لیئے خصوصی سیکشن، جو 24 گھنٹے فعال رہے گا۔ٹریننگ ایریاز جو میڈیکل سٹوڈنٹس اور ڈاکٹروں کی تربیت کے لیئے استعمال ہوں گے، اس منصوبے کے مکمل ہونے سے خضدار اور گردونواح کے علاقوں میں صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ جراحی آپریشنز کی تعداد میں اضافہ سے مریضوں کو دور دراز شہروں جیسے کوئٹہ یا کراچی جانے سے بچائے گا۔طبی تربیت کے معیار میں اضافہ، جو مستقبل میں زیادہ ہنر مند ڈاکٹروں کی تیاری کا سبب بنے گا، مقامی آبادی کے لیئے کم لاگت اور فوری طبی امداد، خاص طور پر دیہی علاقوں سے آنے والے مریضوں کے لیئے۔صحت کی مجموعی بہتری سے اموات کی شرح میں کمی اور معاشی طور پر کمزور طبقات کو ریلیف ملے گا، ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے اس منصوبے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ منصوبہ خضدار کی صحت کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ علاقے میں طبی سہولیات کی کمی ایک بڑا مسئلہ رہی ہے، اور یہ نیا آپریشن تھیٹر نہ صرف جراحی خدمات کو بہتر بنائے گا بلکہ مقامی لوگوں کو اعلیٰ معیار کی طبی امداد فراہم کرے گا۔ اس سے غریب اور متوسط طبقے کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا، یہ منصوبہ بلوچستان حکومت کی صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا حصہ ہے اور اس کی تکمیل سے علاقے کی مجموعی ترقی میں مدد ملے گی۔

