صحبت پور (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کا باضابطہ طور پر آغاز کر دیا۔ یہ مہم یکم ستمبر سے چار ستمبر تک جاری رہے گی، جس کا مقصد ضلع صحبت پور کو پولیو جیسی موذی بیماری سے مکمل طور پر محفوظ بنانا ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر محکمہ صحت کے افسران، لیڈی ہیلتھ ورکرز، بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فریدہ ترین نے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے جس کی کامیابی ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر سکتی ہے، اس لیے ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانا نہایت ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں، افسران، محکمہ صحت کی ٹیموں اور پولیو ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض کو ایمانداری، لگن اور جذبے کے ساتھ سرانجام دیں اور گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع صحبت پور کو دیے گئے پولیو کے خاتمے کا ٹارگٹ ہر صورت حاصل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ہم سب مل کر اس بیماری کو جڑ سے ختم کر سکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضلعی انتظامیہ پولیو مہم کی بھرپور مانیٹرنگ کرے گی اور تمام حساس اور دور دراز علاقوں تک رسائی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے

