کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان اور جاپان وقت کے ساتھ ساتھ قریبی خوشگوار تعلقات کو فروغ دے رہے اور بلوچستان کے لوگ اپنے ذہنوں میں جاپانیوں کیلئے خصوصی احترام رکھتے ہیں۔ ایک طرف اگر جاپان جدید ترین ٹیکنالوجی سے دنیا کو روشن کر رہا ہے تو دوسری جانب جاپان مشکل کے وقت دکھی انسانیت کی خدمت میں بھی سرگرم عمل ہے۔ جاپان نے قدرتی آفات اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے حوالے سے بلوچستان کے عوام کو خصوصی مدد فراہم کی ہے۔ قابل ذکر تعاون اور شراکت میں ڈی جی خان رکنی بارکھان روڈ، فورٹ منرو میں دنیا کے دوسرے بڑے اسٹیل پل کی تعمیر، وڈھ ٹو کراڑو روڈ کی تعمیر، کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کیلئے ویکلز اینڈ کنٹینرز، بولان میڈیکل ہسپتال کو جدید طبی آلات کا عطیہ، ٹیچرز استعداد کار بڑھانے کا پروگرام اور کوئٹہ شہر میں گونگے اور بہرے بچوں کیلئے خصوصی تعلیمی ادارے کا قیام وغیرہ شامل ہیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم شاہ اور ڈائریکٹر جاپان قونصلیٹ اسرار عدیل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں ہائیر ایجوکیشن کا سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں جاپان کا تجربہ اور ٹیکنالوجی بہتر مدد اور رہنمائی فراہم کر سکتی ہے۔ یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کیلئے اسکالرشپ اور خاص طور پر جاپانی انڈسٹریز اور بلوچستان کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے درمیان تعاون و رہنمائی سے پورے صوبے کی معیشت اور ایجوکیشن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ گوادر سے ڑوب تک بلوچستان بھر میں جاپانی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کیلئے منافع بخش مواقع منتظر ہیں۔ ہم جاپانی سرمایہ کاری کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہیں اور انہیں دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہیں۔ موجودہ حکومت تمام سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک طویل ساحلی پٹی پر فخر کرتا ہے جو ماہی گیری کی ترقی میں جاپانی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کر سکتا ہے۔ کوسٹل بیلٹ پر فشریز کی ترقی کے وسیع امکانات ہیں. فشریز کے شعبہ میں جاپان کی سرمایہ کاری سے ہم کئی ممالک کی ضروریات کو پورا کرنے کے قابل ہو جائیں گے جس صوبے کے معاشی نظام مضبوط اور مستحکم ہوگا۔

