پرامن احتجاج پر طاقت کے استعمال سے حکومت کا فاشسٹ رویہ بے نقاب ہوگیا، نیشنل پارٹی

گوادر (پریس ریلیز) نیشنل پارٹی کے صوبائی ماہی گیر سیکریٹری آدم قادربخش نے نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام حکومت کے فاشسٹ رویے اور جابرانہ طرزِ حکمرانی کا کھلا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردار اختر جان مینگل اور میر کبیر محمد شہئی کے قافلے پر خودکش حملہ حکومت کی بدترین ناکامی تھی، مگر اپنی نااہلی کا اعتراف کرنے کے بجائے حکمران طاقت کے زور پر پرامن احتجاج کو کچلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال عوام کا آئینی و جمہوری حق ہے، جسے طاقت اور گرفتاریوں کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
آدم قادربخش نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اب مزید خاموش نہیں رہیں گے۔ نیشنل پارٹی اعلان کرتی ہے کہ عوامی جدوجہد کو دبانے کے تمام حربے ناکام ہوں گے۔ موجودہ حکومت نے اپنے فسطائی اقدامات سے عوام اور جمہوریت دونوں کے خلاف اعلانِ جنگ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا:
“یہ وقت خوفزدہ ہونے کا نہیں، یہ وقت ظالم کو للکارنے کا ہے۔
یہ وقت خاموشی کا نہیں، یہ وقت عوامی اتحاد اور مزاحمت کا ہے۔
بلوچستان کے عوام اپنے حقوق چھین کر رہیں گے۔”
آدم قادربخش نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جبر کے خلاف متحد ہوں، اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلیں اور ہر اُس سازش کو ناکام بنائیں جو ان کی قومی و جمہوری آواز کو دبانے کے لیے رچائی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں