کوئٹہ(این این آئی)پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے خرم ایجنسی(وزیرستان)کے حملے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ عصمت اللہ بنگلزئی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ دینے والے شہدا ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی قربانیوں کو ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی نے خرم ایجنسی(وزیرستان)میں دہشت گردوں کے حملے میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ عصمت اللہ بنگلزئی کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید لیفٹیننٹ عصمت اللہ بنگلزئی نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے قوم اور بلوچستان کے عوام کا سرفخر سے بلند کردیا ہے شہید کی قربنای رائیگا ں نہیں جانے دی جائے گی اور پوری قوم کواپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ہمارے قومی ہیرو ہیں انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وطن کی سلامتی اور بقا کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم اپنے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے شہید لیفٹیننٹ عصمت اللہ بنگلزئی کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اورپسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

