ممبئی (این این آئی)بولی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور کے بچوں نے آنجھانی والد ارب پتی سنجے کپور کی ملکیت سے حصہ مانگنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔بھارتی نشریاتی ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق کرشمہ کپور کے بچوں نے 9 ستمبر کو دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، تاکہ انہیں اپنے والد سنجے کپور کی جائیداد سے حصہ مل سکے۔اداکارہ کے بچوں کے والد مبینہ طور پر 30 ہزار کروڑ بھارتی روپے ملکیت کے مالک تھے۔درخواست میں بچوں نے سنجے کپور کی 21 مارچ کو سامنے آنے والی وصیت کو چیلنج کیا ہے، جس میں ان کی ساری جائیداد مبینہ طور پر ان کی سوتیلی ماں پریا کپور کے نام کر دی گئی تھی۔بیٹی سمائرا اور بیٹے کیان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ نہ تو سنجے نے کبھی اس وصیت کا ذکر کیا اور نہ ہی پریا یا کسی اور نے اس کے بارے میں بتایا۔درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ سنجے کپور کی موت کے بعد پریا کا رویہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ وصیت جعلی ہے اور انہوں نے ہاتھ سے بنوائی۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مبینہ وصیت نہ تو قانونی ہے، نہ درست، بلکہ یہ جعلی اور مشکوک حالات میں تیار کی گئی۔ ملکیت ہتھیانے کے لیے اصل وصیت دکھائی گئی نہ اس کی کوئی نقل فراہم کی گئی۔درخواست میں والد کی جائیداد کی تقسیم، حساب کتاب اور اس کی منتقلی پر مستقل پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ساتھ ہی عدالت سے کہا گیا ہے کہ پریا کپور کو ہدایت دی جائے کہ وہ سنجے کی تمام جائیداد اور ذاتی سامان کی تفصیلات بتائیں۔سمائرا نے یہ مقدمہ اپنی ماں کرشمہ کپور کے ذریعے دائر کیا، جنہیں جنرل پاور آف اٹارنی دیا گیا ہے جبکہ نابالغ کیان کو بھی ماں کی بطور سرپرست نمائندگی حاصل ہے۔کرشمہ کپور اور سنجے کپور نے 2003 میں شادی کی تھی اور 2016 میں ان کا طلاق ہو گیا تھا۔طلاق کے بعد 2016 میں کرشمہ کپور نے سابق شوہر پر گھریلو تشدد سمیت جنسی غلامی کے سنگین الزامات بھی عائد کیے تھے۔

