دی کنجیورنگ کا سپسنس خراب کرنے پر سنیما میں دو لوگ لڑ پڑے

پونا (این این آئی)ہالی ووڈ کی ہارر فلم دی کنجیورنگ کا سسپنس خراب کرنے پر دو لوگ سنیما میں ہی لڑ پڑے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پونے کا تھیٹر اس وقت اکھاڑے کا منظر پیش کرنے لگا جب فلم دیکھنے کے لیے آئے دو شخص آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔29 سالہ سافٹ ویئر پروفیشنل اپنی اہلیہ کے ساتھ دی کنجیورنگ دیکھنے گیا، وہیں ایک اور شخص اپنی اہلیہ کے ساتھ آیا اور ان کی پچھلی قطار میں بیٹھ گیا۔فلم شروع ہوئی تو پچھلی قطار میں بیٹھا شخص اپنی اہلیہ کو اونچی آواز میں فلم کی کہانی سنانے لگا، جس سے آس پاس بیٹھے دیگر افراد کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔29 سالہ سافٹ ویئر پروفیشنل نے مذکورہ شخص پر اعتراض کیا اور اسے روکنے کی کوشش کی۔ اس نے مذکورہ شخص کو سسپنس کو خراب نہ کرنے اور دوسروں کو پریشان نہ کرنے کی درخواست کی تو معاملہ بگڑ گیا۔پولیس کے مطابق 29سالہ شکایت کنندہ اور اس کی اہلیہ نے ملزم کو روکنے کی کوشش کی تو ملزم نے مار پیٹ شروع کردی، جس پر شکایت کنندہ نے پولیس سے رابطہ کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت کنندہ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، تاہم ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں