اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک (ہلال امتیاز، ملٹری) نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان آنے والے سالوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے زیادہ متاثر ہوگا، آنے والے سالوں میں بارشوں کی زیادہ توقعات ہیں، پاکستان میں 7 ہزار سے زائد گلیشیئر موجود ہیں، پاکستان کے گلیشیئرز تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر شیری رحمٰن کی زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے مون سون سے متعلق بریفنگ دی۔لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں سال مون سون 2 ہفتے پہلے شروع ہوا، پاکستان آنے والے ہر سال میں موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہوگا، عالمی درجہ حرارت میں اضافہ موسمیاتی تبدیلی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 7 ہزار سے زائد گلیشیئر تیزی سے ختم ہو رہے ہیں، بھارت نے پاکستان کے ساتھ ڈیمز کا کوئی ڈیٹا شیئر نہیں کیا، آنے والے سالوں میں بارشوں کی زیادہ توقعات ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ ڈیزاسٹر کے لیے پیسہ دینے والے ممالک خود موسمیاتی تبدیلی کے مسائل کا شکار ہیں، ہماری اپنی استعداد، اقوام متحدہ (یو این) کی فراہم کردہ معلومات سے زیادہ بہتر ہے، این ڈی ایم اے کی پیش گوئی 98 فیصد بہتر ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور پنجاب کے دریاؤں میں اس بار زیادہ پانی ہے، قادر آباد سدھنائی اور جھنگ میں بند توڑ کر پانی کے ریلوں کا زور کم کیا گیا، آج گڈو بیراج پر 5 لاکھ کا ریلا جمع ہوگا۔

