کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے صوبے میں خدمات فراہم کرنے والے سافٹ ویئر اور آئی ٹی بیسڈ سسٹم ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر اتھارٹی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور ٹیکس قوانین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔اتھارٹی کے مطابق بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز (BSTS) ایکٹ 2015 کے تحت سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، آئی ٹی سسٹمز کی تیاری، ڈیجیٹل سلوشنز اور متعلقہ کنسلٹنسی خدمات پر 2 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے۔ بی آر اے نے آئی ٹی شعبے سے وابستہ ماہرین اور کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کو قانونی دائرہ کار میں لاتے ہوئے بروقت رجسٹریشن اور ٹیکس ریٹرن فائلنگ کو یقینی بنائیں۔بی آر اے صوبے میں ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ڈیجیٹل معیشت کو دستاویزی بنانے اور رضاکارانہ ٹیکس تعمیل کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں آئی ٹی سیکٹر کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے تاکہ نوجوان آئی ٹی پروفیشنلز اور سافٹ ویئر ہاؤسز کو آسان اور شفاف ٹیکس نظام فراہم کیا جا سکے۔اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ رضاکارانہ رجسٹریشن نہ صرف قانونی تقاضوں کی تکمیل ہے بلکہ اس سے کاروباری اعتماد میں اضافہ اور صوبے کی معاشی ترقی میں بھی مدد ملتی ہے۔ بی آر اے نے تمام آئی ٹی کنسلٹنٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن اور ریٹرن فائلنگ کو یقینی بنا کر قومی ذمہ داری ادا کریں۔

