ایران کے زمینی راستوں کے ذریعے تجارت کی اجازت ملنے سے خطے میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا،محمد ایوب مریانی

کوئٹہ(این این آئی)چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے وفاقی وزارت تجارت کی جانب سے وسطی ایشیائی ریاستوں (CARs) اور آذربائیجان کے اوریجن کی اشیاء کو ایران کی سرزمین کے ذریعے درآمد کرنے کے لیے 45 روزہ EIF ویور کی منظوری پر وفاقی وزیر تجارت و دیگر حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے کاروباری طبقے کیلئے ہوا کا تازہ جھونکا قرارد یا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر کی تجارتی برادری کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کے زمینی راستوں کے ذریعے تجارت کی اجازت ملنے سے خطے میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ زمینی راستے نسبتا کم لاگت اور تیز تر ترسیل کے باعث تاجروں کے لیے زیادہ موزوں ہیں جس سے فریٹ چارجز میں کمی آئے گی اور کاروباری لاگت کم ہونے سے اشیاء کی قیمتوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔حاجی محمد ایوب مریانی کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت سے نہ صرف درآمدی عمل میں آسانی ہوگی بلکہ پاکستانی مصنوعات کی وسطی ایشیائی ریاستوں اور آذربائیجان کو برآمدات بھی کم لاگت پر ممکن ہوسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے متعلق درپیش مسائل کے باعث جو امپورٹ اور ایکسپورٹ سرگرمیاں تعطل کا شکار تھیں، اس فیصلے سے ان مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی اور تاجروں کو متبادل راستہ میسر آئے گا۔صدر کوئٹہ چیمبر نے کہا کہ اس اہم پیش رفت میں کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے موثر اور کلیدی کردار ادا کیا ہے چیمبر کی جانب سے وزارتِ تجارت کو اس اقدام کی اہمیت سے آگاہ کرنے اور ویور کی منظوری کے لیے مسلسل رابطے اور کاوشیں کی گئیں جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بلوچستان میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، روزگار کے مواقع میں اضافے اور ملکی معیشت کے استحکام کی جانب ایک مثبت سنگِ میل ثابت ہوگا۔ صدر چیمبر نے امید ظاہر کی کہ حکومت مستقبل میں بھی تاجروں کے مسائل کے حل اور علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے ایسے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں