کوئٹہ( این این آئی)سیسل اینڈ آئرس چوہدری فاؤنڈیشن کے زیراہتمام “پاکستان 2025 کے تعلیمی منظرنامے میں ایک غوطہ” کے عنوان سے سیمینار سرینا ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اس تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ دورانی نیشنل پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ مہمان خاص شرکت کی۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری برائے انسانی حقوق گہرام اسلم بلوچ اور نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری برائے انسانی حقوق انیل غوری نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ صوبے میں تعلیم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ اپنے دورِ اقتدار میں پارٹی نے تعلیمی اداروں کی بہتری اور عام عوام تک تعلیم کی رسائی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا اور نیشنل پارٹی ہمیشہ تعلیم کے فروغ اور معیار کی بہتری کے لیے صفِ اول میں کھڑی رہی ہے۔
تقریب میں مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں تعلیم کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ نئی نسل کو ایک بہتر اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

