ہندو ویلفئر سوسائٹی اوتھل لسبیلہ اور حسینی بلڈ بینک کراچی کے اشتراک سے ہندو کمیٹی ہال اوتھل میں بلڈ کیمپ کا انعقاد

اوتھل (این این آئی) ہندو ویلفئر سوسائٹی اوتھل لسبیلہ اور حسینی بلڈ بینک کراچی کے اشتراک سے ہندو کمیٹی ہال اوتھل میں ایک روزہ بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم میں سو سے زائد ہندو اور مسلم نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی صحت مند زندگی کے لیے خون کے عطیات دیے۔ ہندو ویلفئر سوسائٹی کے صدر مول چند لاسی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ خون کا عطیہ دینا نہ صرف ایک انسان کی جان بچانے کے برابر ہے بلکہ یہ دل و دماغ کی صحت کو بھی بڑھاتا ہے، ذہنی تناؤ کو کم کرتا ہے اور خوشگوار جذبات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون کا ایک عطیہ تین زندگیوں کو بچانے کی طاقت رکھتا ہے اور یہ عمل نہ صرف انسانی خدمت بلکہ عبادت کا بھی حصہ ہے۔ تنظیم میں شامل عہدیداران اور معروف کاروباری شخصیات جیسے رام لعل لاسی، مول چند لیلانی، اندر سین ہروانی، ارجن داس ہروانی، ہیرا لعل پنچوانی، اندر لعل لیلانی، سومجی مل، رام چندانی، پرکاش کمار رامچندانی، دھنیش کمار خوریا کمار، لعل رامچندانی اور مگن مل کموانی بھی اس خیراتی کام میں پیش پیش تھے۔اس قسم کے بلڈ کیمپ نہ صرف انسانی جانیں بچاتے ہیں بلکہ سماج میں محبت اور یکجہتی کا پیغام بھی پھیلاتے ہیں، جو کہ ہماری اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی اہم ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں