کوئٹہ(این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، یہ ریاست ہم سب کی ہے اور اس کے تحفظ کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، دہشتگرد صحت کے مراکز، تعلیمی ادارے بند کرانا چاہتے ہیں مگر ہماری بچیاں اور نوجوان جس جرات اور عزم کے ساتھ ڈٹے ہیں وہ نہ صرف قابلِ تحسین بلکہ قوم کے لیے باعثِ فخر ہے نوجوان پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں کیونکہ یہ ریاست سب کی مشترکہ امانت ہے وزیراعلیٰ نے یہ بات منگل کے روز گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج کوئٹہ کینٹ میں شہید پروفیسر ناظمہ طالب کے نام سے منسوب نئے بلاک اور 10 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے جدید اسمارٹ آڈیٹوریم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب میں صوبائی وزراء میر سلیم احمد کھوسہ، راحیلہ حمید خان درانی، میر محمد صادق عمرانی، رکن صوبائی اسمبلی میر علی مدد جتک، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن صالح محمد بلوچ، سابق سیکرٹری حافظ محمد طاہر، کالج کی پرنسپل سعدیہ فاروقی سمیت اعلیٰ حکام اور طالبات کی بڑی تعداد شریک تھی وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جس پر پوری قوم اپنے غیور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فوج، پولیس، ایف سی، لیویز، عام شہری اور وہ افراد جنہوں نے صوبے میں امن و ترقی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا یہ سب تاریخ کے حقیقی ہیرو ہیں انہوں نے کہا کہ زہری میں جاری آپریشن کے نتیجے میں دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور ان کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں وزیراعلیٰ نے پروفیسر ناظمہ طالب کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی سے کوئٹہ صرف تعلیم کی خدمت کے جذبے سے آئیں مگر انہیں بزدلانہ دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا اسی طرح جسٹس نواز مری کو بھی قوم سے چھین لیا گیا وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ سرینہ چوک کو شہید جسٹس نواز مری کے نام سے منسوب کیا جائے گا تاکہ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں ایسا جدید تعلیمی ماحول پیدا کیا جا رہا ہے جہاں دنیا کے کسی بھی حصے سے ماہرین آن لائن لیکچرز دے سکیں گے گرلز کالج کوئٹہ کینٹ میں اضافی کلاسز تعمیر ہوں گی اور طالبات سے کیا گیا لیپ ٹاپ کی فراہمی کا وعدہ ہر حال میں پورا کیا جائے گا انہوں نے اعلان کیا کہ کالج میں ڈیجیٹل سہولیات اور جدید انفراسٹرکچر فراہم کر کے طالبات کو عالمی معیار کی تعلیم دی جائے گی وزیراعلیٰ نے تقریب میں تلاوت، ملی نغمہ اور اسٹیج کی ذمہ داریاں سنبھالنے والی طالبات کے لیے 50 ہزار روپے فی کس انعام کا اعلان کیا انہوں نے ل کہا کہ ملی نغمہ پیش کرنے والی بلا صلاحیت طالبہ موسیقی کے شعبے میں آگے بڑھنا چاہتی ہے تو ان کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب کے اختتام پر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کو دلیل اور عمل سے شکست دیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بچے اور بچیاں ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور ان کے حوصلے دشمن کے ہر وار سے زیادہ مضبوط ہیں اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے الفاظ شہداء کے ساتھ حکومت کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہیں اور یہ کہ بلوچستان حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

