کوئٹہ(ین این آئی)بلوچستان میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لوکل گورنمنٹ، ماحولیاتی تبدیلی اور یونیسیف کے اشتراک سے “بلوچستان سی آر واٹر، سینیٹیشن اور حفظان صحت (واش) سیکٹر پلان 2025-2035” کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و واسا سردار عبدالرحمن کھیتران نے بطور مہمانِ خاص شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ بلوچستان واٹر اینڈ سینیٹیشن پلان 2025 تا 2035 کا آغاز صوبے میں صاف پانی کی فراہمی، معیاری صفائی کے نظام اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں خواتین اور بچوں کو پینے کے صاف پانی تک رسائی سب سے بڑا چیلنج ہے، جسے یہ منصوبہ حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس منصوبے کے تحت محروم اور پسماندہ طبقات کو مساوی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان ایک جامع حکمتِ عملی کے ذریعے کمیونٹی اور ترقیاتی شراکت داروں کو منصوبے میں شامل کر رہی ہے تاکہ اس کے ثمرات زیادہ سے زیادہ شہریوں تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر جاری ہیں۔سردار عبدالرحمن کھیتران نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی شراکت داروں اور اداروں کا تعاون منصوبے کی کامیابی کی ضمانت ہے، اور اس موقع پر انہوں نے بلوچستان کے اس اہم منصوبے میں عملی شمولیت پر یونیسف کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

