ماں سے بہتر کوئی استاد آج تک پیدا نہیں ہوا،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اسٹوڈنٹس کے روشن مستقبل کیلئے اچھے اساتذہ کی ضرورت ہوتی ہے لیکن “ماں ” سے بہتر کوئی استاد آج تک پیدا نہیں ہوا ہے اور والدین کی تربیت و تعلیم بہت انمول ہیں لہٰذا آپ بھی اپنے بچوں پر بھرپور توجہ دیں. ایک بات تو بہت واضح ہے کہ تعلیم ہر ترقی کی بنیاد ہے. اساتذہ کیلئے بھی ضروری ہے کہ اپنے آپ کو جدید تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کریں اور اپنے ذہنوں کو علم و دانش سے روشن کریں. یہ بات انہوں نے وائلڈرنیس اسکول اینڈ کالج کی منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر ایڈوائزر ٹو چیف منسٹر اسفندیار کاکڑ، صوبائی سیکرٹری حفیظ طاہر، ڈائریکٹر وائلڈرنیس اسکول اینڈ کالج اِرم غازی، پرنسپل محمد ندیم شیخ، پرنس احمد علی اور ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی سمیت والدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ طالب علموں کی پوشیدہ صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کیلئے تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کی بھی اشد ضرورت ہے کیونکہ ہم نصابی سرگرمیاں بھی تعلیم کا حصہ ہے. گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبہ میں شرح خواندگی بڑھانے کیلئے سرکاری تعلیمی اداروں کے علاوہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا بھی کلیدی کردار ہے جس کی ایک انوکھی مثال وائلڈرنیس سکول ہے جس ننھے پودے کی بنیاد آج سے تقریباً چھبیس برس قبل رکھی گئی تھی اور آج ڈائریکٹر ارم غازی اور ان کی پوری ٹیم کی موثر کوششوں سے ایک تناور درخت بن چکا ہے. گورنر مندوخیل نے کہا کہ زمان و مکان کے بعض مضامین کی اہمیت کم ہوتی جا رہی ہے اور بعض کمپیوٹر سائنسز، ریسرچ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی اہمیت و افادیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لہٰذا آپ بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ چیزوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں. آخر میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے منتظمین، مہمان گرامی میں شیلڈز تقسیم کیے اور وفاقی بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے وائلڈرنیس سکول اینڈ کالج کے طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں