خواتین سے دور رہنے اور خواجہ سرا کا کردار ادا نہ کرنے کی شرط پر اداکاری کی اجازت ملی، عجب گل

کراچی (این این آئی)ماضی کے مقبول اور رومانوی ہیرو عجب گل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شوبز کی خواتین سے دور رہنے اور کبھی خواجہ سرا کا کردار ادا نہ کرنے کی شرط پر خاندان کی جانب سے اداکاری کی اجازت ملی۔عجب گل نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 1985 میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی)پشاور سے کیریئر کے آغاز کیا۔ان کے مطابق انہیں لکھاری بننے کا شوق تھا اور وہ پی ٹی وی پر اپنا اسکرپٹ لے کر گئے تھے لیکن وہاں کسی پروڈیوسر نے انہیں اسکرپٹ کے بجائے اداکاری کرنے کی پیش کش کردی اور پھر وہ نہ چاہنے کے باوجود اداکار بن گئے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں کام کرتے کرتے انہیں 15 سال ہوگئے اور 2000 میں وہ بطور لکھاری سامنے آئے، تب تک وہ اداکاری کرتے دہے۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نہ صرف پی ٹی وی بلکہ فلموں اور اسٹیج میں بھی کام کیا اور انہیں ہر جگہ شہرت اور عزت ملی لیکن 1994 میں انڈسٹری کے کچھ لوگوں نے انہیں نظر انداز کرنا شروع کردیا، ان کی شہرت سے جل کر انہیں کام دینا بند کردیا گیا۔عجب گل کے مطابق جب پوری انڈسٹری نے ان سے منہ موڑا تب افضال احمد نے ان کا ساتھ دیا اور انہوں نے سب کو بتایا کہ ابھی عجب گل کا وقت ختم نہیں ہوا اور پھر وہ کئی سال تک دوبارہ کام کرتے رہے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں فلم، ٹی وی اور تھیٹر میں خوب عزت اور شہرت ملی، انہیں زیادہ مشکلات دیکھنی نہیں پڑیں لیکن ان کا پہلا شوق لکھاری بننا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں