افغان فورسز کے پاکستان پر حملے اور فتنہ الخوارج کی پشت پناہی قابل مذمت ہے،چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئررہنما چوہدری نعیم کریم نے افغان فورسز کے پاکستان پر حملے اور فتنہ الخوارج کی پشت پناہی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے افغان فورسز کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیکر ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا ہے کہ پاک فوج ملک کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے،دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں اور سرحدوں کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ پاکستانی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کیلئے چوکس ہیں پاک فوج نے افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا ہے افغانستان آگ و خون کا جو کھیل کھیل رہا ہے اس کے تانے بانے ہمارے ازلی دشمن سے ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں جہاں سے پاکستانی فورسز اور شہریوں پر دہشت گردانہ حملے کئے جاتے ہیں جس کے ثبوت پاکستان نے افغانستان اور عالمی دنیا کے سامنے رکھے ہیں لیکن افغان فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی بجائے فتنہ الخوارج کے ساتھ ملکر پاکستانی شہری آبادی اور چیک پوسٹوں پر حملہ کیا جس کا پاک فوج نے بھر پور جواب دیتے ہوئے افغان فورسز اور فتنہ الخوارج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیکرایک مرتبہ پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاک فوج اوردیگر سیکورٹی ادارے ملک کی سرحدوں کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاافغان فورسز اور فتنہ الخوارج کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جواان ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغان قوم کی ہر مشکل مرحلے پرمسلمان بھائی اور ہمسایہ سمجھ کر مدد کی لیکن بد قسمتی سے قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہمیں جواب میں خیر نہیں ملی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور پاکستانی قیادت نے افغان قیادت پرواضح کردیا ہے کہ اگر پاکستان پر دوبارہ حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تو پہلے سے زیادہ طاقت سے اسکا جواب دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں