قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس، قانون شہادت ترمیمی بل منظور،متبادل تنازعات حل ترمیمی بل پھر موخر

اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے قانون شہادت ترمیمی بل منظور کرلیاجبکہ متبادل تنازعاتی حل اور آرٹیکل 25میں ترمیم کے بل موخر کر دیئے۔ منگل کو محمود بشیر ورک کی زیر صدارت اجلاس میں متبادل تنازعاتی حل بل زیر غور آیا۔ ارکان نے ججوں کو دیئے گئے اختیارات اور شفافیت پر اعتراضات اٹھائے، جبکہ وزیر مملکت نے مصالحتی عمل کو ضروری قرار دیا۔ قانونِ شہادت بل میں آرٹیکل انسٹھ، اکسٹھ اور چوراسی میں ترامیم کی گئیں۔فارنزک ایکسپرٹ کی تعریف پر بھی بحث ہوئی۔ آرٹیکل 25میں ترمیم پر اراکین نے آئینی وضاحت اور ممکنہ اثرات پر گفتگو کی، تاہم چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آئین واضح ہے اور مزید ترمیم کی ضرورت نہیں۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے قریب لیگل فسیلیٹیشن سینٹر کے قیام اور عدالتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی کمی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ارکان نے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر اور وسائل کی محدود دستیابی پر تشویش کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں