پاکستان اورطالبان مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں،موجودہ صورتحال سے سرحد کے دونوں جانب پشتون عوام متاثرہورہے ہیں،بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان اورطالبان مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں موجودہ صورتحال سے سرحد کے دونوں جانب پشتون عوام متاثرہورہے ہیں،بارڈربند ہونے سے دونوں طرف آباد پشتون تاجروں کا اربوں روپے مالیت کا سامان کنٹینروں میں پڑا خراب ہورہا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ پاکستان اور طالبان کے درمیان حالیہ جاری جنگ سے دونوں جانب پشتون عوام متاثر ہورہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان ہمسایہ ممالک ہیں سرحد کے اطراف میں آباد پشتونوں کی صدیوں سے آپس میں رشتہ داریاں ہیں حالیہ پاکستان اور طالبان کے درمیان جنگ سے پشتونوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بارڈر بند ہونے سے سرحد کے دونوں اطراف سینکڑوں کی تعداد میں کنٹینرز اور مال بردار گاڑیوں کی لائنیں لگ گئی ہیں جس کی وجہ سے کنٹینروں میں پڑا ہوا فروٹ،سبزیاں اوردیگر سامان خراب ہونا شروع ہوچکا ہے جس سے پشتون تاجروں کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ 40سال تک مہاجرین کے نام پر سیاست کرنے والی پشتون مذہبی اورقوم پرست سیاسی جماعتوں نے بھی موجودہ صورتحال پر خاموشی اختیار کررکھی ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ نے ہمیشہ ہمسایہ کے ساتھ اچھے تعلقات کی بات کی ہے پاکستان اور طالبان کو بھی چاہئے کہ وہ مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں کیونکہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں