پسنی( این این آئی) ہم تیل بردار گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیورز کی جانب سے ایک اہم اور سنجیدہ مسئلہ تمام قانون ساز اداروں، ضلعی انتظامیہ، عدلیہ، اور میڈیا کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔
پسنی، شتنگی کے مقام پر ہر رات کسٹم کے اہلکار غیر قانونی طور پر گاڑیوں کا پیچھا کرتے ہیں اور جبراً بھتہ وصولی کرتے ہیں۔ یہ اہلکار نہ صرف قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں بلکہ انسانی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
ان کے پیچھا کرنے کی وجہ سے اکثر تیز رفتاری اور خوف کی وجہ سے گاڑیاں حادثات کا شکار ہو جاتی ہیں۔ متعدد ڈرائیورز زخمی ہو چکے ہیں، اور لاکھوں روپے کا مالی نقصان ہو چکا ہے۔
جبکہ قانونی طور پر کسٹم اہلکاروں کو صرف اپنی قانونی چوکیوں پر چیکنگ کا اختیار حاصل ہے، مگر یہاں یہ سڑکوں پر من مانی کرتے ہوئے ڈرائیورز کو ہراساں کر رہے ہیں، جو سراسر اختیارات کا ناجائز استعمال ہے۔
ہم تمام قانونی اداروں، منتخب نمائندوں، ایف بی آر، اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ اس غیر قانونی عمل پر فوری کارروائی کی جائے، اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
اگر مستقبل میں کسی جان لیوا واقعے یا بڑے حادثے کا سامنا ہوا، تو اس کی تمام تر ذمہ داری کسٹم حکام اور خاموش تماشائی اداروں پر عائد ہوگی
تیل بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز اور مالکان کی آواز
(حق کے لیے خاموشی جرم ہے)

