پنجگور (این این آئی) نیشنل پارٹی کی صوبائی خواتین سیکریٹری و رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ نے پنجگور میں پیش آئے ولید صالح بلوچ کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف ایک خاندان بلکہ پورے جمہوری نظام پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ولید صالح بلوچ ایک پُرامن، سیاسی و باوقار خاندان سے تعلق رکھتے تھے جن کا قصور ان کے والد حاجی صالح محمد بلوچ اور بھائی رکن اسمبلی رحمت صالح بلوچ جمہوریت، پارلیمانی روایات اور عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ظالموں نے ایک ایسے گھر کی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کردیا جہاں شہید نوجوان ولید کی شادی کی تقریبات شروع ہوچکی تھیں انہوں نے کہا کہ حکومت امن وامان کے قیام میں مکمل ناکام ہوچکی ہے،امن وامان کے نام پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود سیاسی کارکن محفوظ ہیں نہ ہی عوام ،حکومت کی رٹ صرف ریڈ زون کے دو گیٹوں کے درمیان ہے،کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے نیشنل پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کو خوفزدہ نہیں کر سکتے۔ پارٹی اپنے ساتھیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔

