کراچی(این این آئی) نیشنل پارٹی کے رہنماوں انجنیئر حمید بلوچ اور کراچی کے رہنما حبیب بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال صوبائی حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ روزانہ بے گناہ سیاسی کارکن، تاجر، اور عام شہری دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں، جبکہ حکومت صرف بیانات تک محدود ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دانستہ طور پر انارکی، برادری کشی اور انتشار کو فروغ دیا جارہا ہے، تاکہ سیاسی قوتوں کو کمزور کیا جائے۔ مگر نیشنل پارٹی کے رہنما اور کارکن ہر حال میں اپنی جمہوری و سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے شہید ولید صالح بلوچ کے والد صالح محمد بلوچ اور بھائی رحمت صالح بلوچ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہید کے خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

