اساتذہ معاشی دباؤ مہنگائی کے طوفان،غیر منصفانہ ٹیکس پالیسیوں کے باعث شدید ذہنی و مالی کرب کا شکار ہیں،وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کیچ

تربت(این این آئی)وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان ضلع کیچ کے اراکین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں موجودہ معاشی و سماجی حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک پر قابض اشرافیہ ماضی کی مغلیہ دور کے عیاش اور غیر ذمہ دار حکمرانوں کی طرح اپنی آنے والی کئی نسلوں کی پرتعیش اور شاہانہ زندگیوں کو یقینی بنانے کے لیے قومی وسائل کو بے دریغ استعمال کر رہی ہے ٹیکسوں کے نام پر پہلے ہی تنخواہ دار طبقے خصوصاً اساتذہ کی آمدنی کا بڑا حصہ کاٹ لیا جاتا ہے مگر اس پر بھی اکتفا نہیں کیا گیا اور مختلف خود ساختہ و استحصالی مالیاتی اقدامات کے ذریعے ان کی محدود آمدنی پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے بیان میں کہا گیا کہ اساتذہ جو قوم کے معمار اور نئی نسل کے رہنما ہوتے ہیں آج معاشی دباؤ مہنگائی کے طوفان اور غیر منصفانہ ٹیکس پالیسیوں کے باعث شدید ذہنی و مالی کرب کا شکار ہیں ایک طرف اشیائے خورد و نوش، بجلی، گیس اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہی تو دوسری طرف تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے برابر ہے ایسے میں اضافی ٹیکسوں اور کٹوتیوں نے اساتذہ کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے اراکین نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ ملک صرف ایک فیصد قابض اشرافیہ کی عیاشیوں اور مراعات کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیا تھا کیا ریاست کی ذمہ داری صرف طاقتور طبقے کے مفادات کی نگہبانی تک محدود ہے اگر قومی دولت کا بڑا حصہ چند ہاتھوں میں مرتکز رہے گا اور محنت کش و تنخواہ دار طبقہ مسلسل معاشی استحصال کا شکار ہوگا تو سماجی بے چینی اور اضطراب میں اضافہ ناگزیر ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بے چینی، سراسیمگی اور عدم استحکام کی بنیادی وجہ قومی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم ہے جب تک دولت کی منصفانہ تقسیم شفاف ٹیکس نظام اور مراعات یافتہ طبقے کی غیر ضروری سہولیات میں کمی جیسے اقدامات نہیں کیے جاتے اس وقت تک معاشرے میں حقیقی توازن اور استحکام پیدا نہیں ہو سکتا انہوں نے کہا کہ وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ اساتذہ سمیت تمام تنخواہ دار طبقے پر عائد غیر ضروری ٹیکسوں اور کٹوتیوں کا فوری ازسرِ نو جائزہ لیا جائے مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ملک میں معاشی انصاف سماجی ہم آہنگی اور پائیدار استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں