ایف آئی اے کی کارروائی،بڑی مقدار میں ممنوعہ ادویات برآمد،ملزم گرفتار

کوئٹہ(این این آئی)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل (ACC) کوئٹہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر فضل الرحمان کاکڑنے کہا ہے کہ ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ نے جعلی اور اسمگل شدہ ادویات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں ممنوعہ ادویات برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے نے غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی روک تھام کے سلسلے میں کاروائی کے دوران ملزم محمد وسیم ولد عبدالحکیم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بھارتی ساختہ ادویات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی جو بظاہر اسمگل شدہ اور غیر رجسٹرڈ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ برآمد شدہ ادویات کی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے جوکہ انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے اس نیٹ ورک کے دیگر عناصر کا پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایف آئی اے عوام کی صحت کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں