آبپاشی منصوبے زرعی ترقی اور معاشی استحکام کے بنیادی ستون ہیں،میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت نصیر آباد ڈویڑن کے پارلیمانی اراکین اور محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نصیر آباد ڈویڑن میں آبپاشی کے شعبے میں جاری ترقیاتی اور بحالی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اجلاس میں دریائی ذرائع کی بہتر منصوبہ بندی، نہری نظام کی تنظیم نو اور زرعی علاقوں میں آبپاشی کی استعداد بڑھانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے اجلاس میں ضلع صحبت پور میں پانچ ارب روپے کی لاگت سے جاری حیر دین ڈرینج منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مانجھوٹی اور اوچ کینال کی بحالی کے منصوبوں کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ کاشتکاروں کو درپیش پانی کی قلت کے مسائل کا پائیدار حل ممکن بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ آبپاشی منصوبوں کی نگرانی اور مؤثر انتظام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام نہروں اور ڈرینج سسٹم کی مرحلہ وار تنظیم نو کی جائے گی اور پروجیکٹ ڈائریکٹرز ترجیحاً متعلقہ محکموں سے تعینات کیے جائیں گے تاکہ شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھا جا سکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آبپاشی کے منصوبے زرعی ترقی اور معاشی استحکام کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نصیر آباد ڈویڑن صوبے کا گرین بیلٹ اور فروٹ باسکٹ ہے، جہاں زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے جامع اقدامات ناگزیر ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زرعی شعبے سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کی سہولت اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور زرعی پیداوار والے علاقوں میں آبپاشی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے اس امر پر بھی زور دیا کہ جوابدہی کے نظام کو مضبوط بنا کر ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو دیرپا بنایا جائے گا تاکہ سرکاری وسائل کا مؤثر اور شفاف استعمال یقینی ہو۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ترقی کے ساتھ ساتھ مقامی معیشت کو استحکام ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر میر محمد صادق عمرانی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم خان کھوسہ، جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عبدالمجید بادینی، صوبائی وزیر نوابزادہ میر طارق خان مگسی، پارلیمانی سیکرٹری حاجی محمد خان لہڑی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، سیکرٹری آبپاشی سہیل الرحمٰن، لعل جان جعفر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں