کراچی(این این آئی)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ حکومت چینی اور آٹا چوروں کے ہاتھوں یرغمال ہے، مہنگائی بدامنی اور معیشت کی بدحالی سے عام آدمی پریشان ہے،نظام بدلنے سے ہی ملک ترقی اور عوام کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ 21نومبر کو مینار پاکستان کے زیر سایہ اور بدل دو نظام کے نعرے کے تحت ہونے والا اجتماع عام عوام کی آواز ثابت ہوگا۔ عوام نظام بدلنے کی تحریک میں شامل ہوکر جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں۔کسی بھی تحریک کو مہمیز اور جذبات کو ابھارنے کے لیے ترانے بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماع عام کی مناسبت سے سندھی ترانوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ جس کو سوشل میڈیا پر براہ راست بھی دکھایا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ78سال ملک بنے ہوگئے مگر ابتک عوام چینی و آٹامافیا سے آزاد نہیں ہوسکی ہے کسانوں کو دھان گندم اورگنے سمیت اپنی فصلوں کے جائز ریٹ نہیں مل پاتے مگرسرمایہ داروں تک پہنچتے ہی چینی چاول اورآٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا جاتا ہے یہ کرپٹ قیادت اور ظالمانہ نظام کا نتیجہ ہے۔جس سے نجات کے لیے امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے نظام بدل کا نعرہ لگایا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت سامراجی قوتوں کی آشیرواد سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے راستے پر گامزن ہے، 70ہزار سے زائد معصوم فلسطینیوں کے قاتل اور غزہ کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے والے نیتن یاہو کی اسرائیلی پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر پاکستانی میڈیا اور سرکاری چینل پر لائیودکھانا شہیدوں کے خون اور قائد کے فرمان سے غداری ہے۔ جاگیرداروں، سرمائیداروں اور وڈیروں کے گٹھ جوڑ نے سندھ کے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے،پیپلزپارٹی کی مسلسل 17سالہ دور حکمرانی میں سندھ کے عوام کو بھوک، بدحالی،غربت، پسماندگی اور ڈاکو راج تلے دفن کردیا گیا،جماعت اسلامی نے ہمیشہ سندھ کے عوام کے سلگتے ہوئے مسائل پر آواز اٹھائی ہے، ڈاکو راج، دریائے سندھ پر کینالوں کی تعمیر،فصلوں کے مناسب ریٹ اور قبائلی جھگڑوں کیخلاف ہم نے احتجاجی مظاہرے، اے پی سی اور حکمرانوں کوغفلت کی نیند سے جگانے کیلئے دھرنے دیئے۔21نومبر کو مینار پاکستان لاہور کے اجتماع عام میں سندھ کے عوام کا مقدمہ پیش کریں گے،ان شاء اللہ جماعت اسلامی کا اجتماع عام تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا، کراچی تا کشمور اجتماع عام کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔

