کوہاٹ، ایم ڈی کیٹ امتحان، ڈپٹی کمشنر نے شفاف انعقاد کیلئے دفعہ 144 کا نفاذ کردیا، مختلف پابندیاں عائد

کوہاٹ (این این آئی)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ رحیم اللہ محسود نے (آج) اتوارکو کوہاٹ میں ہونیوالے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن(ایم ڈی کیٹ) ٹیسٹ کے پرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144 ضابطہ فوجداری نافذ کرکے امتحانی مراکزکے سو میٹر کے احاطہ کے اندر کسی کو بھی کتابیں، گائیڈز، حل شدہ پرچے، موبائل فونز، ڈیجیٹل ڈائریاں، برقی آلات یا ہتھیار لانے پر فوری طور پر کل تک مکمل پابندی عائد کر دی۔کوہاٹ میں تین امتحانی مراکز تاج مارکی بائی پاس روڈ ہنگو پھاٹک، رائل ایرینا انڈسٹریل اسٹیٹ ڈھوڈہ روڈاور ملک گارڈن شامل ہیں۔ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ دریں اثناء کمشنر کوہاٹ ڈویژن مُعتصم باللہ شاہ نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے سلسلے میں کوہاٹ کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر کوہاٹ ڈویژن معتَصم باللہ شاہ نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق تمام انتظامات کو مکمل کیا جائے تاکہ امتحان کے دوران کسی بھی قسم کی نقل یا غیر قانونی سرگرمی کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں