ویمن یونیورسٹی صوابی میں انسداد بدعنوانی بارے آگاہی تقریب کا انعقاد

صوابی (این این آئی)ویمن یونیورسٹی صوابی میں انسداد بدعنوانی کے حوالے سے آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے نیب ویک کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ گڈ گورننس اور بدعنوانی ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ شفافیت، احتساب اور مضبوط ادارے اچھی حکمرانی کی بنیادی اقدار ہیں جو بدعنوانی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، موثر حکمرانی سے اداروں پر عوام کا اعتماد، معاشی ترقی اور سماجی انصاف کو فروغ ملتا ہے، جبکہ کمزور حکمرانی بدعنوانی کو جنم دیتی ہے جو معاشی عدم مساوات اور ناانصافی کا باعث بنتی ہے۔تقریب میں ڈاکٹر گلناز پروین، ایڈیشنل ڈائریکٹر اکیڈمکس نے اپنی خطاب میں بدعنوانی کے تدارک کی اہمیت اور نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالی،بوٹنی ڈیپارٹمنٹ کی دو طالبات نے بدعنوانی کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار کیا جن کے پرجوش خطابات نے سامعین کو متاثر کیا۔ سلمی، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب، نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طالبات کے جذبے اور ایک کرپشن فری معاشرے کے قیام کے عزم کو سراہا۔بعد ازاں نیب ٹیم نے اسپورٹس ایریا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طالبات سے ملاقات کی اور تحائف تقسیم کیے۔ تقریب کا اختتام انسدادِ بدعنوانی واک پر ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں