ڈپٹی چیئرمین سے بلوچستان ماڈل یونائیٹڈ نیشن کے طلباء کے وفد کی ملاقات

کوئٹہ +اسلام آباد (این این آئی)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے بلوچستان ماڈل یونائیٹڈ نیشن (BMUN) کے طلبہ و طالبات پر مشتمل ایک وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی ترقی، تعلیم کے فروغ، قومی یکجہتی، اور نوجوانوں کے فعال کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تحقیق ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر ایک مضبوط، پْرامن اور ترقی یافتہ معاشرہ تعمیر ہوتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو نہ صرف علمی میدان میں آگے بڑھنا چاہیے بلکہ اپنی سوچ میں وسعت، کردار میں اخلاص، اور عمل میں دیانت داری پیدا کرنی چاہیے تاکہ وہ قیادت کے ذمہ دارانہ کردار کے لیے تیار ہو سکیں۔ سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت اور باہمت ہیں، انہیں جدید تعلیم، ہنرمندی اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں آگے لانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ صوبے اور ملک کے ترقیاتی سفر میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ نوجوانوں کے لیے ایک تعلیمی درسگاہ کی حیثیت رکھتی ہے جہاں سے وہ جمہوریت، قانون سازی اور عوامی خدمت کے عملی تقاضوں سے آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مثبت سوچ، قومی جذبے اور محنت کو اپنا شعار بنائیں، کیونکہ یہی عوامل پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وفد کے اعزاز میں ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا اور انہیں مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔بعد ازاں سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا۔ طلبہ کو سینیٹ کی تاریخ، پارلیمانی شخصیات، قانون سازی کے عمل اور جمہوری ارتقاء سے متعلق ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ وفد نے ”گلیِ دستور“ کا بھی مشاہدہ کیا، جہاں انہیں آئینِ پاکستان کے تاریخی پس منظر اور اس کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ”گلیِ دستور“ پاکستان کی آئینی تاریخ اور جمہوری روایات کی علامت ہے۔ وفد کو سینیٹ ہال کا دورہ کرایا گیا، جہاں انہیں ایوان کی کارروائی، قانون سازی کے مراحل اور اراکینِ سینیٹ کے کردار سے متعلق جامع آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر سینیٹ حکام نے سینیٹ کے آئینی کردار اور وفاقی وحدت کے فروغ میں اس کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔وفد نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی طرف سے میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے دورے کے دوران حاصل کی گئی رہنمائی اور معلومات کو نہایت مفید قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں