ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی عارف سلیم کے گھر حملے کی شدید مذمت

کیچ (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جاری کردہ بیان میں نیشنل پارٹی کیچ کے فنانس سیکرٹری عارف سلیم کے گھر پر دستی بم حملے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں عارف سلیم بلوچ اور ان کے کزن نعیم بلوچ شدید زخمی ہوئے، سیاسی کارکنوں پر حملہ انتہائی قابل مذمت اور تشویشناک ہے۔ نیشنل پارٹی اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ عارف سلیم بلوچ ایک متحرک، پرامن اور نظریاتی سیاسی کارکن اور کاروباری شخص ہیں جنہوں نے ہمیشہ جمہوری جدوجہد اور عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ ایسے منفی اور پرتشدد اقدامات سے سیاسی کارکنوں کو ہرگز مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ اس قسم کے حملے دراصل سیاسی عمل کو سبوتاژ کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش ھے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائے اور واقعہ میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے اور متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا حکومتی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی پرامن و جمہوری سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ھے ایسے منفی اور انتہا پسند حملوں سے جمہوری و قومی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں