کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑنے کہا ہے کہ سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے درمیان اشتراک بلوچستان کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہی سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں سے بلوچستان کی ترقی میں ایک نیا باب رقم ہوگا، ان خیالات کااظہار انہوں نے پی پی پی ماڈل کے تحت جاری جھینگا فارمنگ منصوبے کی پیش رفت سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کیسی ای او قائم لاشاری، بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر فیصل خان اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے،اجلاس میں ساحلی علاقے ڈام میں مجوزہ 5 ارب روپے کے جھنیگا فارمنگ منصوبے پر اب تک ہونیوالی پیشرفت اور جلد فعال کرنے سے متعلق اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ فریقین نے پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) 2025 کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا، جو3 تا5نومبر 2025 کو کراچی میں منعقد ہوگی۔ پائیمیک 2025 بلوچستان میں سمندری معیشت اور سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کے لیے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بی بی او آئی ٹی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا، صوبائی حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں، شفاف قوانین، تیز تر اجازت نامہ نظام اور محفوظ کاروباری ماحول کے باعث بین الاقوامی کمپنیوں کا بلوچستان پر اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے۔بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مدبرانہ قیادت میں صوبائی حکومت بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

