کوئٹہ(این این آئی)نیب بلوچستان بدعنوانی کے خلاف شعور بیدار کرنے اور اس کی روک تھام کی حکمت عملیوں کو فروغ دینے کے لیے ہر سال انٹر یونیورسٹی مقابلوں کا انعقاد کرتا ہے۔ چیئرمین نیب کی ہدایات کے مطابق، یہ اقدامات نیب کے سالانہ پلان برائے آگاہی اور روک تھام کی سرگرمیوں کا ایک لازمی جزو ہیں، جو بدعنوانی سے نمٹنے کی تلقین کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں نیب (بلوچستان) نے حال ہی میں مختلف یونیورسٹیوں کو مختلف کیٹیگریز میں منعقد ہونے والے بین الجامعاتی مقابلوں میں شرکت کی دعوت دی۔ طلباء نے مضمون نویسی، پوسٹر،خطاطی اور تقریری مقابلوں میں حصہ لیا۔ یہ مقابلے کوئٹہ ڈویژن کی یونیورسٹیوں کے طلباء کے مابین 29 اکتوبر 2025 کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کوئٹہ میں منعقد ہوئے اس موقع پر میزبان یونیورسٹی نے ان مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنا بھرپور تعاون پیش کیا۔ان مقابلوں کے اختتام پر ججز نیمقابلوں میں شر یک طلباء میں سے فاتحین کا تعین کیا۔ ان مقابلوں کا مقصد یونیورسٹی کے طلباء کو بدعنوانی کے خلاف جنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دینا تھا۔ طلباء نے ان مقابلوں میں حاضرین کو ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں ایمانداری کی اہمیت کے بارے آگاہ کیا اور یہ احساس اجاگر کیا کہ ان تخلیقی صلاحیتوں اور فکرمندی سے ہمارے نوجوانوں میں مثبت تبدیلی لانے کی صلاحیت موجود ہے۔ ان مقابلوں کے انعقاد سے نیب نے بدعنوانی کو کم کرنے اور ملک بھر میں احتساب کے فروغ کیلئے اپنی کوششوں میں ثابت قدمی ظاہر کی۔

