اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے اسلام آباد میں بورڈ آف انویسٹمنٹ میں جمعہ کو آسیان ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنرز کے مشترکہ وفد سے اعلیٰ سطحی ملاقات کی۔وفد میں سفیرِ تھائی لینڈ اور چیئر آسیان کمیٹی اسلام آباد (اے سی آئی) رونگودھی ویرابتر، سفیرِ انڈونیشیا ایچ ای لیفٹیننٹ جنرل (ر) چندرا وارسنانتو سکوتجو، ہائی کمشنر ملائیشیا داتو محمد اظہر مزلان، سفیرِ ویتنام فام آن توان، سفیرِ فلپائن ڈاکٹر ایمانوئل آر فرنینڈیز، سفیرِ میانمار وونا ہان اور ہائی کمشنر برونائی کرنل (ر) پنگیرن حج کمال بشا پنگیرن حج احمد شامل تھے۔ملاقات میں سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان آسیان ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے آسیان ممالک کی پاکستان کے لیے کلیدی شراکت دار ہونے پر زور دیا اور وفد کو سپیشل اکنامک زونز (ایس ای زیز) اور فیسلی ٹیشن سینٹر کے کردار کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ زونز سرمایہ کاروں کے لیے منظم، محفوظ اور دوستانہ ماحول فراہم کرتے ہیں جو پائیدار صنعتی ترقی، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ہیں۔تمام آسیان ممالک نے سیاحت، فوڈ انڈسٹری اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی جو دونوں طرفہ اقتصادی تعاون کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں جیسے آئی ٹی، انفراسٹرکچر، ٹیکسٹائل اور مائننگ میں سرمایہ کاری کے لیے مراعات بھی فراہم کر رہا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید فروغ دیا جا سکے۔وفد کے ارکان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو تسلیم کیا اور مختلف شعبوں میں ممکنہ تعاون پر آمادگی ظاہر کی۔ ملاقات میں تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے، رابطہ کاری کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو آسان بنانے پر بھی بات کی گئی تاکہ باہمی تعاون مزید فروغ پائے۔آسیان ممالک کے نمائندگان نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کا خیرمقدم کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایسے ترقیاتی منصوبوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں جو خطے میں اقتصادی ہم آہنگی اور ترقی کو فروغ دیں۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت برآمدات پر مبنی ترقی یافتہ معیشت کے وڑن پر عمل پیرا ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک پائیدار اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کر رہی ہے تاکہ پاکستان کا علاقائی تجارتی کردار مضبوط ہو۔سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ جمیل احمد قریشی نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) اور سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن سینٹر (ایس آئی ایف سی) سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے اور سرمایہ کاروں کے لیے آسان اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ملاقات کے اختتام پر فریقین نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے، خطے کی ترقی اور طویل المدتی شراکت داری کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور آسیان ممالک مستقبل میں سرمایہ کاری اور کنیکٹیوٹی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کے ذریعے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی قیادت میں بورڈ آف انویسٹمنٹ پائیدار سرمایہ کاری، علاقائی اقتصادی شراکت داری اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

