بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی معاشرہ حقیقی ترقی حاصل نہیں کر سکتا،سرفرازبگٹی

سنجاوی(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اتوار کو ایک روزہ دورے پر سنجاوی پہنچے جہاں انہوں نے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور تعلیمی اداروں کا تفصیلی جائزہ لیا وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ، سردار کوہیار ڈومکی، پارلیمانی سیکرٹری حاجی ولی محمد نورزئی، میر اصغر رند، صوبائی سیکرٹری لعل جان جعفر، سیکرٹری داود خلجی اور ڈپٹی کمشنر زیارت محمد ریاض خان داوڑ بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اپنے نے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سنجاوی کے نئے بلاک کے افتتاح کیا انہوں نے اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں اسپتال کے نظام، عملے کی کارکردگی، آلات کی دستیابی اور مجموعی خدمات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ بلوچستان صحت کے نظام میں بہتری کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کے تمام شعبوں میں بہتری لانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری صحت کی سہولتیں میسر ہوں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے گورنمنٹ گرلز انٹر کالج سنجاوی کا افتتاح کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے بغیر کوئی معاشرہ حقیقی ترقی حاصل نہیں کر سکتا صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوان، خصوصاً طالبات، ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں لڑکیوں کے تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانا حکومت کی بنیادی پالیسی کا حصہ ہے اور اس مقصد کے لیے تعلیمی انفراسٹرکچر، عملے کی فراہمی اور سہولیات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا رہا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج سنجاوی کا بھی دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے متعلقہ محکمے کو ہدایت دی کہ زیرتکمیل منصوبے کو جون 2026 تک ہر صورت مکمل کیا جائے انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے لیے 58 ملین روپے کی رقم پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے، جبکہ مزید 90 ملین روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل ممکن ہو سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قائداعظم کیڈٹ کالج سنجاوی کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں کالج کے انفراسٹرکچر، تدریسی نظام اور جاری تعمیراتی کاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی وزیر اعلیٰ نے کالج کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ زیارت اور سنجاوی کے طلبا کے لیے جدید معیارِ تعلیم کا مرکز بنے گا انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو جون 2026 تک مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی تکمیل نہ صرف مقامی طلبا کے لیے تعلیمی مواقع فراہم کرے گی بلکہ بلوچستان میں معیاری تعلیم کے فروغ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ زیارت اور سنجاوی جیسے اہم علاقوں میں بنیادی ڈھانچے، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں حقیقی ترقی لانا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبے حکومت کے وژن کا عملی مظہر ہیں اور ان کی بروقت تکمیل سے عوام کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں