میئر تربت بلخ شیر قاضی کا ماڈل ہائی اسکول تربت کا دورہ، تعلیمی ماحول کی بہتری کا عزم

تربت (رپورٹر) میئر تربت بلخ شیر قاضی کا گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کا دورہ، تعلیمی ماحول اور سہولیات کی بہتری کا عزم

میئر میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی نے پیر کے روز کارپوریشن کے کونسلرز کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعلیمی ماحول، تدریسی سرگرمیوں اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔

میئر تربت نے اسکول کے پرنسپل اکبر اسمائیل سے ملاقات کی جنہوں نے انہیں اسکول میں جاری تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر سے متعلق مسائل پر بریفنگ دی۔ پرنسپل نے اسکول کے گراؤنڈ میں زیرِ تعمیر ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلاً آگاہ کیا اور میونسپل کارپوریشن سے بعض ضروریات کی فراہمی میں تعاون کی درخواست کی۔

میئر تربت بلخ شیر قاضی نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور تربت جیسے اہم تعلیمی مرکز میں اداروں کی بہتری ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی اور اسکول کی ضروریات کو جلد از جلد پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے اسکول انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے میں نظم و ضبط اور تعلیمی ماحول قابلِ تعریف ہے۔ میئر نے یقین دلایا کہ شہر کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

میئر کے ہمراہ موجود کونسلرز نے بھی اسکول کے اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ آخر میں میئر تربت نے کہا کہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے تعلیمی اداروں کو مضبوط بنائیں، کیونکہ یہی تربت اور بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں